(ایجنسیز)
سابق امریکی دفاعی سربراہ رابرٹ گیٹس نے اوباما کی عراق افغان جنگ کی حکمت عملی پرشدید تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ الیکشن جیتنے کیلئے اوباما نے امریکی عوام اور دنیا کو دھوکہ دیا، اسامہ کے خلاف آپریشن ایک بہادر فیصلہ تھا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی سیکریٹری دفاع اور پینٹاگون کے سابق چیف رابرٹ گیٹس نے اپنی کتاب ‘‘جنگ پر سیکریٹری کی یاداشتیں میں مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف ایبٹ آباد کمپائونڈ میں ہونے والے آپریشن کی مخالفت کی تھی لیکن یہ فیصلہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والے بہادر فیصلوں میں
سے ایک تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی جانب سے اختیارات کی فراہمی پر اوبامہ بدظن ہوچکے تھے، انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اوباما کی پالیسی اور فوج بھیجنے پر ان کی حمایت کی گئی تھی اور اوباما صرف اپنی سلامتی چاہنے والا شخص تھا، جن کا کہنا تھا کہ عراق اور افغانستان کی جنگ انہیں سابق صدر سے ورثے میں ملی ہے جوکہ ایک نا پسندیدہ جنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوباما نے کبھی حامد کرزئی اور ڈیوڈ پیٹریاس کو پسند نہیں کیا، یاد رہے کہ رابرٹ گیٹس صدر باراک اوباما اور سابق صدر جارج بش کے ماتحت پینٹاگون کے سربراہ کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔